منشیات اورگٹکاماوا فروشوں کیخلاف کریک ڈائون کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی سربراہی میں صوبائی سطح پر انسداد منشیات اقدامات کی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر تفصیلی اجلاس ہوا۔
منشیات،گٹکا ماوا کی خرید وفرخت اور ترسیل میں ملوث عناصر کی تفصیلات پر مشتمل فہرست کا جائزہ لیتے ہوئے انتہائی ٹھوس اور منظم کریک ڈاؤن کی ہدایات دی گئیں۔ آئی جی سندھ نے اسپیشل برانچ پولیس کو ہدایات دیں کہ منشیات، گٹکا ماوا کی خرید وفروخت میں ملوث عناصر،ان کے سرپرستوں اور گروہوں پر مشتمل فہرستیں اپ ڈیٹ کرکے رینج، ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر ایسے ملزمان کیخلاف جاری کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ منشیات اور گٹکا ماوا کی خرید و فروخت یا ایسے عناصر کی سرپرستی میں اگر شواہد اور چھان بین کی روشنی میں مقامی پولیس افسران و اہلکار ملوث پائے جائیں تو ایسے افسران و ملازمین کے خلاف نہ صرف محکمانہ بلکہ قانونی کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں اجلاس میں موجود اے ایس پیز کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے کہا گیا کہ منشیات اور گٹکا ماوا کی خرید وفروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف انتہائی مربوط اور منظم کریک ڈاؤن یقینی بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں آئی جی سندھ نے سینٹرل پولیس آفس میں سی ٹی ڈی افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی اور انسداد دہشت گردی جیسے اقدامات میں ان کی جرأت مندانہ و دلیرانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔