گھوٹکی میں چاربچوں سمیت5افراد بازیاب

گھوٹکی میں چاربچوں سمیت5افراد بازیاب

گھوٹکی، اندرون سندھ(نمائندگان دنیا ) گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو کے نواحی علاقے راونتی کا رہائشی مغوی نوجوان اور چار بچے بازیاب ہو گئے ۔

 پانچوں افراد کو ڈاکوؤں نے گزشتہ روز انور شاہ کے عرس سے واپسی پر اغوا کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق انور شاہ کے عرس سے واپس گھر جاتے ہوئے ایک نوجوان اور چار بچوں کو ڈاکوئوں نے اغوا کیا تو اس کی اطلاع گھوٹکی پولیس کو ملی جس پر ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو نے مغویوں کو بازیاب کرانے کے سخت احکامات جاری کیے ۔ اس دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ ڈاکو تمام مغویوں کو دوسری جگہ منتقل کررہے ہیں جس پر پولیس نے کارروائی کی تو اس کا ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ ہوا جس پر ڈاکو مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ حیدرآباد میں سی آئی اے پولیس کی نشاندہی پر قاسم آباد پولیس کا زرداری موڑ کے قریب سے موٹر سائیکل لفٹر گروہ سے مقابلہ ہوا جس میں عرفان عرف بچہ قریشی کوزخمی حالت میں اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ بی سیکشن پولیس نے ملزم سلطان پڑھیار

کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تین مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق شہید فاضل راہو پولیس نے غلام حسین عرف سونو کھوکھر کو مسروقہ موٹر سائیکل پستول اور 4 رائونڈزسمیت گرفتار کیا جبکہ اس کی نشاندہی پر 3 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ۔بدین پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے کارندے محمد عرفان بھٹی کو گرفتار کرکے اس کی نشاندہی پر11 مسروقہ موٹر سائیکلیں،ٹنڈوباگو پولیس نے لطیف خاصخیلی کو گرفتار کرکے 5 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمدکرلیں،کھورواہ پولیس نے غلام رسول کپری اور جمال کپری کو ایک مسروقہ موٹر سائیکل اورپستول سمیت جبکہ کھورواہ سے جاتی جانے والے روڈ پر واردات کی نیت سے کھڑے 6 رکنی گینگ سے مقابلے کے بعد ملزم رمضان عرف رموں بچانی کو زخمی حالت میں گاڑی اور غیر قانونی اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں