جماعت اسلامی کی جدوجہد ہر فرد کے لیے ہے ،شاہد ہاشمی

جماعت اسلامی کی جدوجہد ہر فرد کے لیے ہے ،شاہد ہاشمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کراچی کے کسی ایک طبقے یا قومیت کے لیے نہیں بلکہ کراچی کی فضاؤں میں سانس لینے والے ہرفرد کے لیے ہے۔۔۔

 گزشتہ 15 برس میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ مسائل میں اضافہ ہی کیا ہے ۔ وہ فاران کلب میں یوسی 8 گلشن اقبال کے یوم تشکر کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ بن رضی اور قیم ضلع شرقی ڈاکٹر فواد احمد نے بھی خطاب کیا۔ سید شاہد ہاشمی نے یقین ظاہر کیا کہ گلشن اقبال ٹاؤن اور صفورا ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہوں گے اور شہریوں کی بھرپور خدمت کریں گے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ اختیارات ملنے کا انتظار کیے بغیر خدمت، صفائی ستھرائی اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کا کام شروع کر دیں۔ ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ ہماری کامیابی ٹیم ورک اور حق دو کراچی مہم کا نتیجہ ہے، لوگوں نے ہمیں کراچی کے لیے امید سمجھا، شہریوں کو جماعت اسلامی سے بہت توقعات ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان توقعات پر پورا اتریں اور شہریوں کے مسائل حل کریں ، ہم آئندہ چار سال میں کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنا دیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں