اولڈ سٹی ایریا کے گوداموں سے بھارتی گٹکا،سگریٹ ضبط
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹم کلکٹریٹ انفورسمنٹ کراچی کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) نے اولڈ سٹی ایریا میں واقع مختلف گوداموں پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کا بھارتی گٹکا ،سگریٹ اور شیشہ فلیور ضبط کر لئے۔۔۔
گوداموں پر چھاپوں کے علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ۔ ماڈل کسٹم کلکٹریٹ انفورسمنٹ ساؤتھ کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے اولڈ سٹی ایریا میں واقع برہانی سینٹر اور سلمان سینٹر پر علیحدہ علیحدہ چھاپہ مارا ۔کسٹم حکام کے مطابق گوداموں سے مختلف برانڈز کی اسمگل شدہ سگریٹس ،انڈین گٹکا ،شیشہ فلیور کے مختلف تمباکو ضبط کر کے اسے اسٹیٹ ویئر ہاؤس منتقل کردیا گیا ۔کسٹم حکام کے مطابق دونوں عمارتوں کے گوداموں سے مجموعی طور پر چھ کروڑ80لاکھ کے لگ بھگ سامان ضبط کیا گیا ہے جس پر علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔