تمباکو نوشی ترک کرنے کیلئے رمضان بہترین موقع، ماہرین

تمباکو نوشی ترک کرنے کیلئے رمضان بہترین موقع، ماہرین

کراچی (این این آئی) دل اور سینے کے امراض کے ماہرین نے کہا ہے کہ لڑکپن سے پڑنے والی ایک بری عادت تمباکو نوشی ہے، جس سے دنیا بھر میں سالانہ 70 لاکھ اور پاکستان میں ایک لاکھ 60 ہزار اموات ہوتی ہیں۔

 دنیا بھر میں آئندہ چند برس تک اموات کی یہ شرح ایک کروڑ تک پہنچ سکتی ہے، پاکستان میں تمباکو نوشی اور اس سے پیدا ہونے والے پیچیدہ امراض کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے، مختلف اقسام کے کینسر تمباکو نوشی کے سبب ہوتے ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ تمباکو نوشی ترک کرنے کیلئے 6 ہفتے درکار ہوتے ہیں اور اس کیلئے رمضان المبارک بہترین موقع ہے کہ ہم ہر طرح کے تمباکو سے چھٹکارا حاصل کرکے اپنی بری عادات پر قابو پا لیں۔ پروفیسر سہیل اختر نے کہا کہ رمضان المبارک ہم سب کیلئے بہترین موقع ہوتا ہے کہ ہم اپنی بری عادات ترک کر دیں اور اچھی عادتوں کو اپنائیں، ایسی ہی ایک عادت تمباکو نوشی ہے جو انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے، تمباکو چاہے سگریٹ کی شکل میں ہو یا پان، گٹکا، حقہ، بیڑی، شیشہ، نسوار اور چھالیہ کی شکل میں، اس کے نقصان دہ ہونے میں کوئی شک نہیں۔ ڈاکٹر سہیل نے تمباکو نوشی کرنیوالے افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے کو غنیمت جان کر اس بات کا تہیہ کرلیں کہ اس بری عادت سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں