اسمگل شدہ سگریٹوں کی فروخت 200 فیصد بڑھ گئی
کراچی (این این آئی) سگریٹ انڈسٹری پر ٹیکسز میں اضافے سے دو ماہ میں غیر قانونی سگریٹوں کا مارکیٹ شیئر 39 فیصد تک بڑھ گیا۔ گزشتہ دو ماہ میں اسمگل شدہ سگریٹوں کی دستیابی میں 200 فیصد اضافہ ہوا۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ملک میں 70 نئے اسمگلڈ سگریٹ برانڈز مارکیٹ میں شامل ہوئے ہیں۔ جنوری 2023 میں پاکستان کی سب سے بڑی ٹوبیکو کمپنی کا مارکیٹ شیئر 4.8 ارب سگریٹ تھا، فروری 2023 میں ملک کی سب بڑی ٹوبیکو کمپنی کا مارکیٹ شیئر 2.6 ارب سگریٹ تک کم ہو چکا تھا۔ مارچ 2023 میں پاکستان کی سب سے بڑی ٹوبیکو کمپنی کا مارکیٹ شیئر 1.8 ارب سگریٹ ہوا۔ جنوری 2023 میں غیر قانونی سگریٹ کا مارکیٹ شیئر 2.8 ارب سگریٹ تھا، فروری 2023 میں غیر قانونی سگریٹ کا مارکیٹ شیئر 4.6 ارب سگریٹ بڑھ گیا۔ دستاویز کے مطابق مارچ 2023 میں غیر قانونی سگریٹ کا مارکیٹ شیئر 4.8 ارب سگریٹ تک بڑھ گیا۔ یکم جولائی 2022 سے 31 مارچ 2023 تک سب سے بڑی ٹوبیکو کمپنی نے 92 ارب کا ٹیکس جمع کرایا۔رواں مالی سال مکمل ہونے تک سب سے بڑی ٹوبیکو کمپنی کی جانب سے 135 ارب روپے ٹیکس جمع کرانے کا امکان ہے۔