گٹکاماوا، چھالیہ لے جانے والے ملزم کی ضمانت منظور
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے گٹکا، ماوا، چھالیہ لے جانے کے الزام میں نامزد ملزم عبدالحمید کی درخواست ضمانت پچاس ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔ بدھ کو جسٹس کوثر سلطانہ حسین نے درخواست ضمانت کی سماعت کی۔
لیاقت علی خان گبول ایڈووکیٹ نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ملزم کی درخواست ضمانت ایڈیشنل سیشن جج کورٹ نمبر 13 کراچی ایسٹ نے مسترد کی تھی۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں سمیع اور علی کے ساتھ رکشے میں گٹکا ماوا چار کلو تیار شدہ ، ایک بالٹی چونا وزن پانچ کلو، ایک تھیلی کتھہ وزن ایک کلو، تین کلو تمباکو، تین عدد خالی ٹب، دس بوریاں گٹکا لیکر جارہا تھا۔ پولیس کے سب انسپکٹر عبدالعزیز نے رکشہ روکا تو دو ملزمان سمیع اور علی فرار ہوگئے۔ ملزم عبد الحمید رکشے اور سامان سمیت پکڑاگیا، جس کو جمشید کوارٹرز پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتاری، کیس پراپرٹی کا کوئی پرائیویٹ گواہ نہیں بنایا اور نہ کوشش کی۔ ملزم عبد الحمید کی گر فتاری پولیس نے تین ہٹی چوک سے ظاہر کی ہے، یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ اتنا سارا سامان رکشے میں آسکے، پولیس نے صرف رکشہ ڈرائیور کو ہی پکڑا جبکہ باقی ملزمان کو پکڑنے کی کوشش نہیں کی، اس سے ظاہر ہوتا ہے ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے، ملزم رکشہ ڈرائیور ہے اور ملزم کا پولیس کے بیٹر سے جھگڑا ہوا، جس پر اس نے ملزم کو جھوٹے کیس میں بند کرا دیا۔