چھالیہ اسمگلنگ عروج پر پہنچ گئ : حکومت اربوں کے محصولات سے محروم

چھالیہ  اسمگلنگ  عروج  پر  پہنچ  گئ  :  حکومت  اربوں  کے  محصولات  سے  محروم

کراچی (رپورٹ: نادر خان) کسٹم کے میگا کرپشن کیس میں نامزد بڑے چھالیہ ڈیلر کا کراچی میں نیٹ ورک پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگیا، کسٹم اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن اور اسمگلنگ روٹس پر آنے والے پولیس تھانوں کی سہولت کاری جاری ہے۔۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں میٹھی چھالیہ،گٹکا کی سپلائی پر مبینہ رشوت بڑھا دی گئی ہے، چھالیہ اسمگلنگ کا دھندا عروج پر پہنچ گیا، 850 روپے کلو ملنے والی چھالیہ کی قیمت میں اضافے سے حکومت اربوں روپے کے محصولات سے محروم ہوگئی ہے۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں کسٹم کے میگا کرپشن کیس کے اندراج کو لگ بھگ ایک ماہ کا عرصہ گزر گیا ہے، اس دوران اسمگلنگ نیٹ ورک میں شامل بڑے چھالیہ ڈیلر کا نیٹ ورک پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ کسٹم کے میگا کرپشن اسکینڈل کے مقدمے میں کسٹم کے 20 گریڈ کے افسران ثاقف سعید، عثمان باجوہ، عامر تھہیم کے ساتھ چھالیہ کے بڑے ڈیلر کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا اور ان افسران کو چھالیہ نیٹ ورک کا اہم کردار بتایا گیا تھا، جس کے بعد اس چھالیہ نیٹ ورک کو کمزور ہونا تھا، لیکن ایک ماہ کے دوران یہ نیٹ ورک پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگیا ہے، اس وقت کراچی میں 80 فیصد مضر چھالیہ اسی نیٹ ورک کے ذریعے کراچی میں پھیلائی جارہی ہے، جس کیلئے کسٹم افسران اور اسمگلنگ روٹس پر آنے والے پولیس تھانوں کی مکمل سہولت کاری جاری ہے۔ یاد رہے کہ کسٹم میگا کرپشن کیس کے عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائے گئے ابتدائی چالان میں ایس ایس پی کیماڑی فدا جانوری کے دست راست سب انسپکٹر اے ایس آئی واجد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ حکومت نے ایک جانب چھالیہ کے درآمدکنندگان پر پابندیاں مزید سخت کردی ہیں جبکہ دوسری جانب حکومتی عناصرکی سرپرستی میں چھالیہ کی اسمگلنگ کرکے میٹھی سپاری بنانے والی فیکٹریوں کو چھالیہ فراہم کی جارہی ہے، جبکہ چھالیہ ڈیلر نے اپنی بعض کمپنیوں کو کراچی سائٹ انڈسٹریل ایریا سے حب انڈسٹریل ایریا منتقل کردیا ہے، جس کی وجہ سے بلوچستان سے اسمگل ہو کر کراچی آنے والی چھالیہ کو حب میں ہی فیکٹریوں میں منتقل کرنے کے بعد چھوٹی اور لگژری گاڑیوں کے ذریعے کراچی منتقل کیا جاتا ہے، جس کی اطلاع اسمگلنگ روٹس پر آنے والے تھانوں کو ہوتی ہے۔ حکومت کی جانب سے چھالیہ کے درآمدکنندگان پر پابندیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ وہ حکومت کو ڈیوٹی وٹیکسوں کی مدمیں بھاری رقوم اداکررہے ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں