ٹنڈوآدم میں چھاپہ،لاکھوں کا گٹکا،مشینری برآمد

ٹنڈوآدم میں چھاپہ،لاکھوں کا گٹکا،مشینری برآمد

ٹنڈوآدم،اندرون سندھ ( نمائندگان دنیا) ایس ایس پی اسپیشل برانچ شہید بینظیرآباد، ایس ایس پی سانگھڑ کی خصوصی ٹیم کے ہمراہ ڈی ایس پی ٹنڈوآدم نے جمعے اور جمعرات کی درمیانی شب فوجی موڑ پر منشیات کے بڑے اڈے پر چھاپہ مارکر لاکھوں روپے کی چھالیہ، گٹکا، مشینری اور غیر ملکی گٹکے کے بورے برآمد کرکے ادلو خاصخیلی اور مظہر خاصخیلی کو گرفتار کرکے چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔۔

 جبکہ منشیات فروشوں کی سہولت کاری کے الزام میں پولیس کانسٹیبل امداد خاصخیلی کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم جاری کردیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف ٹنڈوآدم میں تیسری بڑی کارروائی کی گئی ہے ۔ مذکورہ منشیات فروشوں کو سہولیات فراہم کرنے کے الزام میں اس سے قبل انسپکٹر طفیل بھٹو ،ہیڈ محرر اللہ بخش ڈومکی سمیت چھ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کرنے کا حکم جاری ہوا تھا۔ حیدرآباد سے نمائندے کے مطابق سٹی پولیس نے سینٹ میری چوک کے قریب سے انڈین گٹکا سپلائر پپو ملاح کو بڑی تعداد میں گٹکوں اور منشیات کے سپلائر قاضی کو شراب کی بوتلوں سمیت ،حالی روڈ پولیس نے انڑ میرانی گوٹھ کے قریب چھاپہ مارکر علی نواز جونیجو، کامران ناریجو اور احمد جان آفریدی کو بھاری مقدار میں تیار مین پوریوں سمیت جبکہ پنیاری پولیس نے اشتہاری ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا۔ محراب پور میں کراچی اسٹاپ کے قریب ہمیش کورائی کی بکریاں چوری کرتے ہوئے اسماعیل کورائی کو مقامی افراد نے پکڑ لیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں