پانی کاشارٹ فال موجود ، ہائیڈرنٹس پر میٹر لگائے جائیں گے ، میئر

پانی  کاشارٹ  فال  موجود  ،  ہائیڈرنٹس  پر  میٹر  لگائے  جائیں  گے  ،  میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ’’کراچی کا پانی کراچی کے عوام تک‘‘ کے تحت شہر بھر میں پانی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔۔

 شہر میں پانی کا شارٹ فال موجود ہے ، اس کے باوجود جو بھی پانی میسر ہے اس کی منصفانہ تقسیم کر رہے ہیں، پانی چوروں سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ،شہر میں فراہمی و نکاسی آب سمیت کچرے کے مسائل کے حل کیلئے پلان تیار کیا گیا ہے ، جس پر جلد عملدرآمد شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز واٹر کارپوریشن میں سینئر صحافیوں، چیف ایڈیٹرز، ایڈیٹرز، چیف رپورٹر اور رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، نمائندہ میئر کراچی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی ،سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد، سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔ میئر نے بتایا کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی لائن بہت پرانی ہے ، جو 1981 میں بنی تھی، اس پر کام کررہے ہیں ان شاء اللہ 20 ماہ میں 100 ایم جی ڈی پانی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے ، جس کے بعد اس لائن سے زیادہ پانی کراچی کو فراہم کیا جا سکے گا۔ ایک اندازے کے مطابق شہر میں 150 غیر قانونی ہائیڈرنٹ چل رہے ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے ایک کروڑ گیلن پانی بچایا گیا ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں اس وقت 7 سرکاری ہائیڈرنٹ چل رہے ہیں، جن کی آمدنی واٹر کارپوریشن کو ملتی ہے ، ہائیڈرنٹس پر جو پانی استعمال کیا جاتا ہے اس پر میٹرنگ سسٹم متعارف کرا رہے ہیں، چند ہفتوں میں میٹرز نصب کردیے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی علاقوں کے پانی کے حوالے سے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں کیونکہ صنعتی علاقوں کا 120 ایم جی ڈی ان ٹریٹڈ پانی سمندر برد ہورہا ہے ، اس لیے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا کر 40 ایم جی ڈی پانی ٹریٹ کرنے کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں، جس سے لانڈھی اور کورنگی کی صنعتیں اس پانی کو استعمال کر سکیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں