جامعہ کراچی میں فلسطینیوں پر جاری مظالم کیخلاف یکجہتی کانفرنس

جامعہ کراچی میں فلسطینیوں پر جاری مظالم کیخلاف یکجہتی کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی میں فلسطین اکیڈمک فورم اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام دوسری عالمی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

 کانفرنس میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرل ،سیکٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن ڈاکٹر صابر ابو مریم، اساتذہ اور طلبائنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے اسرائیل کے فلسطین پر جاری مظالم کی مذمت کی اور کہا کہ آج بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے جو اسرائیل کررہا ہے وہ ایک جنگی جرم ہے ۔ ملائیشین قونصل جنرل ہرمن ہاردیناتا بن احمد نے کہا کہ جو کچھ غزہ میں ہورہا وہ جنگ نہیں قتل عام ہے ۔ قونصل جنرل ترکیہ کمال سانگو کا کہنا تھا کہ جو غزہ میں ہورہا اس پر ہم کچھ کر نہیں سکتے یہ انتہائی رنج و غم کی بات ہے ۔ قونصل جنرل انڈونیشیا ڈاکٹر جون کونکورو کا کہنا تھا کہ غزہ میں معصوم بچوں کے قتل عام کو فوری روکا جائے ۔ ہم او آئی سی، یو این اور دیگر فورمز پر اس بارے میں آواز اٹھاسکتے ہیں۔ قونصل جنرل ایران حسن نوریان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی حمایت میں ایران کا موقف واضح ہے ۔ بچوں اور عورتوں پر جاری صیہونی مظالم پر دنیا خاموش ہے ۔ یہ خاموشی ہی آج تک ان مظالم کے جاری رہنے کی وجہ ہے ۔ وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا کہنا تھا کہ عالمی لیڈر فلسطین پر ہونے والے مظالم روکنے میں ناکام رہے ۔ ہمیں مل کر اس کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی۔ شرکاء نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیل مخالف پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں