اسٹیل مل ملازمین،اہلخانہ کا قومی شاہراہ پر دھرنا،ٹریفک جام

اسٹیل مل ملازمین،اہلخانہ کا قومی شاہراہ پر دھرنا،ٹریفک جام

کراچی (رپورٹ :آغا طارق)اسٹیل مل کے ملازمین اور اسٹیل ٹاؤن کے مکینوں نے ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی اپیل پر اسٹیل مل کی عدم بحالی،گیس بلوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف اور جائز مطالبات کے حق میں پاکستانی مارکیٹ اسٹیل ٹاؤن سے نیشنل ہائی وے تک ریلی نکال کر دھرنا دیا۔

 7گھنٹے دھرنے کے باعث کراچی ٹھٹھہ شاہراہ ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند ہوگئی۔ دھرنے کے باعث سیکڑوں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ دھرنے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔تفصیلات کے مطابق ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی اپیل پر پاکستان اسٹیل مل کی رہائشی کالونی اسٹیل ٹاؤن کے مکینوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اسٹیل مل کی بحالی کے لیے اسٹیل ٹاؤن میں احتجاجی دھرنا دیا، اس موقع پر خواتین اور بچے بھی موجود تھے جنہوں نے حکومت اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت اسٹیل مل کی مختلف یونین کے رہنما امجد زرداری، اکبر میمن اور دیگر کرہے تھے ،جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کا سب سے بڑا صنعتی ادارہ اسٹیل مل مختلف حکومتی ادوار میں لوٹ مار کا شکار رہا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہیں اور ان کے گھروں میں فاقے پڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اسٹیل ٹاؤن کے مکینوں کو مزید تنگ کرنے اور بے دخل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ، جس کی شروعات بھاری گیس بلوں سے کی گئی ہے ، تاکہ بے روزگار ملازمین اپنے بل ادا نہ کر سکیں اور ان کو وارننگ دے کر رہائشی کالونی سے بے دخل کر دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی تھی خود کو لیڈر کہنے والوں اور ارب پتی بننے والوں نے ملک کے سب سے بڑے صنعتی ادارے کو تباہ کردیا ہے ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالستار بٹ ، میر عباس تالپور، علی محمد گبول، ٹاؤن کونسلر گڈاپ سنی مسیح اور دیگر نے احتجاجی مظاہرے میں پہنچ کر مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں