مہنگائی کے اثرات،کپڑے کی خریداری میں کمی

مہنگائی کے اثرات،کپڑے کی خریداری میں کمی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) مہنگائی کے اثرات عید کی خریداری پر نمایاں نظر آرہے ہیں اور عید پر نئے ملبوسات کے لیے کپڑے کی خریداری میں کمی کا رجحان ہے ۔

 کراچی کے مختلف علاقوں میں مردانہ کپڑے کی فروخت کے مراکز میں بغیر سلے کپڑے کی فروخت محدود ہے ۔کپڑے کی قیمت بڑھنے اور سلائی کی اجرت میں اضافے کی وجہ سے زیادہ تر شہری سلے سلائے ملبوسات کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ بغیر سلے کپڑے خریدنے والے بھی محدود پیمانے پر خریداری کررہے ہیں جس سے کپڑے فروخت کرنیوالے مراکز اور بازاروں کی روایتی رونق ماند پڑگئی ہے ۔کراچی میں مردانہ کپڑے کی فروخت کے مراکز بولٹن مارکیٹ، جامع کلاتھ، صدر، لانڈھی، لیاقت آباد اور کلفٹن میں واقع ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں قائم باڑہ مارکیٹوں میں بھی کپڑا فروخت کیا جاتا ہے جن میں بنارس، پاپوش، لسبیلہ، ناظم آباد، طارق روڈ کی باڑہ مارکیٹس شامل ہیں۔کپڑے کا کاروبار کرنیو الے تاجروں کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے درآمدی کپڑا مہنگا ہوگیا ہے جبکہ مقامی ملوں نے بھی اپنی لاگت بڑھنے کی وجہ سے کپڑے کی قیمت بڑھادی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عام کپڑے کا سوٹ 2500سے 3000روپے کا ہے جس کی سلائی 1500روپے دی جائے تو سوٹ ساڑھے چار ہزار روپے کا پڑتا ہے ، اس کے مقابلے میں عام سلے سلائے جوڑے 2500روپے میں باآسانی دستیاب ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں