سبزی منڈی :دکانوں، شیڈز کی جعلی الاٹمنٹ کا انکشاف

سبزی منڈی :دکانوں، شیڈز کی جعلی الاٹمنٹ کا انکشاف

کراچی(آن لائن)سپر ہائی وے پر قائم سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے مبینہ طور پر الاٹیز کی دکانیں اور شیڈز جعلی الاٹمنٹ پر غیر متعلقہ افراد کو دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق سبزی منڈی میں دکانوں اور آکشن شیڈز کے حقیقی الاٹیز کو الاٹمنٹ کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔۔

 اور الاٹمنٹ کیلئے ان سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت طلب کی جارہی ہے ۔رشوت نہ دینے کے باعث ایسے الاٹیز کی دکانیں اور شیڈز غیر متعلقہ افراد کو لاکھوں روپے لینے کے بعد جعلی طور پر الاٹ کئے جارہے ہیں۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ایک ایسا ہی کیس فائل نمبر1281کی شکل میں سامناآیا ہے ،جہاں 480اسکوائر فیٹ کا آکشن شیڈ حقیقی الاٹی کے بجائے جعلی طور پرغیر متعلقہ فرد کو الاٹ کردیا گیا ہے ، ااس سے قبل فائل نمبر1327کے ذریعے 1200 اسکوائر فیٹ کی دکان بھی حقیقی الاٹی سے چھین کر 300اسکوائر فیٹ کی چار دکانیں بنا کر غیر متعلقہ افراد کو بھاری رشوت کے عوض حوالے کر دی گئیں۔ذرائع کے مطابق منڈی میں سبزی اور فروٹ سیکشن میں ایسے متعدد کیسز ہیں،جہاں کمزور اور اثر ورسوخ نہ رکھنے والے الاٹیز کو ڈرا دھمکا کر ان کی دکانیں اور آکشن شیڈز جعلی الاٹمنٹ کے ذریعے ہتھیا جارہے ہیں۔ تاجروں نے چیف سیکریٹری،نیب اور ایف آئی اے سے اپیل کی ہے کہ سبزی منڈی کا ریکارڈ تحویل میں لے کر جعلی الاٹمنٹ اور قبضوں کی تحقیقات کرائی جائیں اور اس بات کا نوٹس لیا جائے کہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ہائیکورٹ اورصوبائی محتسب کے احکامات کیوں ہوا میں اڑا دیے گئے ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں