اختیار بیگ کی دہری شہریت کیخلاف درخواست پرجواب طلب

 اختیار بیگ کی دہری شہریت کیخلاف درخواست پرجواب طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کی دہری شہریت کیخلاف تحریک انصاف کے خرم شیر زمان کی درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

 چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس مبین لاکھو پرمشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سماعت 16مئی تک ملتوی کردی۔دریں اثنا ء سندھ ہائیکورٹ نے کم عمری کی شادی کے قانون کوچیلنج کرنے کے لیے دائر درخواست کی سماعت ملتوی کردی ۔درخواست گذار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہماری درخواست پر 15 سالہ بچی 3 ماہ بعد بازیاب ہوئی۔ بچی کراچی سے اغواکرکے پنجاب منتقل کی گئی اورپنجاب میں اس کی جبری طور پر شادی کردی گئی جب کہ سندھ ہائیکورٹ نے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزاپانیوالے ملزم سعید کی سزا کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے سزا کالعدم قرار دیدی۔ہائیکورٹ نے قتل کے الزام میں سزا کیخلاف اپیل پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے ماتحت عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے سزا کالعدم قرار دیدی۔ اپیلیٹ بینچ نے کسی اور مقدمے میں ملوث نہ ہونے کی صورت میں ملزم کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تین مختلف مقدمات کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ پیش ہوئے ۔ عدالت نے کیسز کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں