ملازمتوں میں بھرتیاں میرٹ پر دی جائیں ،اسامہ رضی

  ملازمتوں میں بھرتیاں میرٹ پر دی جائیں ،اسامہ رضی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے۔۔

 سندھ حکومت کو صوبے کے مختلف محکموں میں گریڈ 1سے 15تک سرکاری ملازمتوں کے لیے بھرتی کی اجازت دینے کے احکامات پر تبصرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں بھرتیاں میرٹ پر دی جائیں اور پورے عمل میں قانون اور ضابطے کے مطابق شفافیت کو یقینی بنایا جائے اورکراچی کے نوجوانوں کو ان کا حق دیا جائے ۔تمام اسامیاں مشتہر کی جائیں اور شفاف طریقہ کار کا تعین عدالت کے ذریعے سے کیا جائے ،سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کا گلا گھونٹا گیا تو شدید مزاحمت کریں گے اور تحریک چلائیں گے ۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں میرٹ پر بھرتیوں کے حوالے سے سندھ حکومت کا ٹریک ریکارڈ ہمیشہ سے انتہائی خراب رہا ہے اور بھرتیوں کے عمل میں اقرباپروری اور کرپشن کا بازار گرم کر کے من پسند افراد کو بھرتی کیا گیا اور قانون و ضابطوں کی دھجیاں اڑائی گئیں ،یہی وجہ ہے کہ کرپشن اور نااہلی کے حوالے سے سندھ حکومت پورے ملک میں سب سے زیادہ بدنام ہے ۔دوران سماعت معزز جج نے بھی یہ ریمارکس دیے تھے کہ کیا اب سیاسی کارکنوں کا کام نوکریاں بیچنا رہ گیا ہے اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں بلینک اپائنٹمنٹ لیٹرز مل رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنے ہر دور میں پورے صوبے میں میرٹ کا کھلم کھلا قتل کیا ، اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں