بلدیہ عظمیٰ کے40میدانوں پر قبضے

بلدیہ عظمیٰ کے40میدانوں پر قبضے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 40 سے زائد کھیل کے میدانوں سے مختلف اداروں اور افراد کا قبضہ ہے جنہیں ختم کراکر انہیں شہریوں کے لئے کھولا جائے گا۔۔

، کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو کے ایم سی کے اثاثوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور اسے پورا کریں گے ، کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول کو شہریوں کے لئے کھول دیا ہے ،کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس اور ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں ممبران کے لئے فیملی ایریا اور ریستوران کا انتظام جائے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی جاسکیں، یہ بات انہوں نے منگل کے روز کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ کے تفصیلی دورے کے بعد منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس رضوی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں تعمیر کئے گئے فٹ بال اسٹیڈیم، ٹینس کورٹ، باؤلنگ ایلے اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔

، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 40 ایکڑ رقبے پر قائم کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کو شہریوں کے لئے مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور سات یوم کے اندر شہر میں کے ایم سی کے تمام اسپورٹس گراؤنڈز کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے ، لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کو سات یوم کے اندر شہریوں کے لئے کھول دیا جائے ، انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال افسوس ناک ہے کہ کے ایم سی کے مختلف اسپورٹس گراؤنڈز پر مختلف ادارے اور لوگ قابض ہیں اور شہریوں کو یہ تک معلوم نہیں کہ یہ جگہیں کے ایم سی کی ملکیت ہیں، صرف فیڈرل بی ایریا میں کے ایم سی کے 47 گراؤنڈز ہیں مگر ان سے کوئی آمدنی نہیں ہورہی جبکہ ان تمام گراؤنڈز سے ملنے والا کرایہ کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں آنا چاہئے اور اس سے کے ایم سی کی آمدنی میں اضافہ ہونا چاہئے ، انہوں نے ہدایت دی کہ کے ایم سی کے تمام اسپورٹس گراؤنڈز سے قبضہ ختم کراکر وہاں کے ایم سی گراؤنڈ کے بورڈز آویزاں کئے جائیں اور ایسے انتظامات کئے جائیں کہ آئندہ ان جگہوں پر قبضہ نہ ہوسکے ، انہوں نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جو بھی افراد، ادارے یا کھیلوں کی تنظیمیں دلچسپی رکھتی ہوں وہ آئیں اور کھیلوں کی ان سہولیات کو فعال اور آباد کرنے میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ شہریوں کو ان کی رہائش گاہ کے قریب کھیل و تفریح کی معیاری سہولیات میسر آسکیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں