600 سے زائد مقامات کی سڑکیں قابل مرمت

600 سے  زائد  مقامات  کی  سڑکیں  قابل  مرمت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت منعقدہ شہری اور بلدیاتی اداروں کے افسران کے جائزہ اجلاس میں مختلف شہری مسائل کا جائزہ لیا گیا ۔۔

فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر میں مصروف سڑکوں اور مختلف نالوں کے نزدیک قائم کچرا کنڈیوں کو ہر ممکنہ طور پر دوسری جگہوں کو منتقل کیا جائے گا ، اسٹریٹ لائٹس سے محروم مصرو ف سڑکوں اور انڈر پاسز پر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی ۔شہر میں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل اور ٹریفک کی دشواریوں اور شہریوں کی مشکلات کا جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنرز نے ان سڑکوں کی نشاندہی کی اور فہرست پیش کی جو فوری طور پر مرمت طلب ہیں۔ بتایا گیا کہ 600سے زائد مقامات پر سڑکوں کی مرمت کی ضرورت ہے ۔ فیصلہ کیا گیا کہ مرمت کا کام جمعرات سے شروع کر دیا جائے گا۔ بلدیہ عظمی کے چیف انجینئر طارق مغل نے اجلاس کو سڑکوں کی مرمت کے بارے میں بریفنگ دی۔ فیصلہ کیا گیا کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے لئے بلدیہ عظمی متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے کام کریں گے فوری نوعیت کی مطلوب سڑکوں پر کا م ترجیحی طور پر مکمل کیا جائے گا۔اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز علی شاہ، چیف آپریٹنگ افسر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسداللہ خان، تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنرز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے چیف انجینئر طارق مغل اوردیگر اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔کمشنر نے کہا کہ شہرکو بہتر بنانے کے لئے کراچی انتظامیہ کا کردار اہم ہے ، انہیں چاہئے کہ وہ شہرکی صورتحال بہتر بنانے کے لئے شہری ترقیاتی اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ رابطہ و تعاون مضبو بنائیں اور متعلقہ اداروں کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے متحرک کریں ۔ فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز صفائی کے کاموں پر مامور افسران اور عملہ کی حاضری کی مانٹرنگ کریں گے ڈپٹی کمشنرز کی سفارش پر مسلسل غیر حاضری اور غفلت برتنے والوں کے خلا ف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں