فلسطینی مسلمانوں پرظلم کی مذمت ڈرامہ،سنی تحریک

 فلسطینی مسلمانوں پرظلم کی مذمت ڈرامہ،سنی تحریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی دہشتگردی ظلم وجبر کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔۔

امریکہ اور اقوام متحدہ کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے ،فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم وجبر کی مذمت ڈرامہ ہے اقوام متحدہ اسرائیل کے خلاف طاقت کا مظاہرہ کیوں نہیں کررہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیمی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد پر عمل نہ ہونااقوام متحدہ کیلئے سوالیہ نشان ہے ،سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ غزہ جنگ بندی پر عمل نہیں کراسکتے تو انصاف اور امن کا ڈرامہ بند کریں،تاریخ گواہ ہے مسلم ممالک کے حق میں جب بھی سلامتی کونسل کی قرار داد منظور ہوئی اس پر عمل درآمد نہیں کرایا گیا،مسئلہ کشمیر 76سالوں سے حل نہ ہونا بھی اقوام متحدہ کی ناکامی اور انصاف و امن کا قتل ہے ،پاکستان سنی تحریک کے تحت جمعۃ المبارک کو یوم ’’آزادی فلسطین ‘‘کے طور پر منایا جائیگا،ملک بھر میں فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ریلیاں،سیمینار اور مظاہروں کا انعقاد کیا جائیگا،عوامی سطح پر اسرائیل کی دہشتگرد کارروائیوں کو روکنے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرینگے ،فلسطین کے مسلمانوں پر اسرائیلی ظلم وجبر اور دہشتگردانہ کاروائیوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کرینگے ۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے نہتے شہریوں پر بمباری معمول بن چکا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں