حکومت،پولیس عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے ،منعم ظفر

حکومت،پولیس عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے ،منعم ظفر

کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 62سالہ وسیم الرحمن کی رہائش گاہ گلشن معمار گئے۔

مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات اور افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت و دعائے مغفرت کی ۔ وسیم الرحمن جماعت اسلامی کے ہمدرد اور چاند رات کو اپنی اہلیہ کے ساتھ شاپنگ سے واپسی پر مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے اور کئی روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد چل بسے ۔ منعم ظفر خان نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی مسلسل ناکامی و نا اہلی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس نے کراچی کے عوام کو مسلح ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ، شہریوں کا کوئی پر سان حال نہیں، جرائم پیشہ عناصر اور مسلح ڈاکو کھلے عام عوام سے لوٹ مار کر رہے ہیں اور اگر کوئی شہری مزاحمت کرے تو اسے گولی مار دی جاتی ہے ،محکمہ پولیس اور سکیورٹی کے لیے مختص اربوں روپے کے باوجود عوام کو تحفظ حاصل نہیں۔منعم ظفر نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت و محکمہ پولیس عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے ، جرائم پیشہ عناصر اور مسلح ڈاکوؤں کو کنٹرول کرنے کے لیے سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام صرف بیانات دینے اور زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے عملی اقدامات کریں اور پولیس میں موجود جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں