دہشتگردی کے پیچھے چھپے ہاتھ سامنے لائے جائیں ، سنی تحریک

دہشتگردی کے پیچھے چھپے ہاتھ سامنے لائے جائیں ، سنی تحریک

کراچی (این این آئی)سربراہ سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم تمام ممالک سے برابری کی بنیاد پر بہتر تعلقات اور خطے میں پائیدار امن چاہتی ہے۔

پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے چھپے ہاتھ عوام کے سامنے لائے جائیں ،دہشت گرد انسانیت کے دشمن، استعماری قوتوں کے ایجنٹ اور ملک دشمن ہیں ،انہیں کچلنا ہوگا ۔مرکز اہلسنّت سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کرنے والوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہونگے ،دہشت گرد ملکی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں، ان سے انہی کی زبان میں نمٹنا ہوگا،کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے سندھ حکومت کی سنجیدہ اور مثبت پالیسیوں کا ساتھ دینگے ،کراچی کے شہریوں کو راہزنوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف مسلم ممالک کو جرأٔت و بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،فلسطین لہو لہو ہے ، اقوام متحدہ ،عالمی عدالت اور سلامتی کونسل اسرئیل کو طاقت کے استعمال سے روکیں۔ شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ فلسطین کے عوام کی سیاسی، سماجی اور اخلاقی حمایت کرتے رہیں گے ،حکومت پاکستان کی طرف سے فلسطین کے عوام کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک کے تحت اسرائیل مخالف دستخطی مہم تیزی سے جاری ہے ، جس میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے ،عوام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ اورفلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں