راہزنی، گٹکا فروشی و دیگر جرائم میں ملوث64 ملزمان گرفتار

راہزنی، گٹکا فروشی و دیگر جرائم میں ملوث64 ملزمان گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار ،راہزنی، ڈکیتی ، گٹکا فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث 64ملزمان گرفتار کر لئے گئے ۔شرقی اور کیماڑی اضلاع میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 31 ملزمان کو کیا،جن میں 6 راہزن، 6 منشیات فروش، 3 مفرور اور 1 دیگر جرائم میں ملوث ملزم شامل ہے ۔

ملزمان سے 6 مختلف اقسام کے ہتھیار اور ساڑھے سات کلو سے زائد چرس اور گٹکا ماوا ،2 موٹر سائیکلیں، 5 موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔ ملزمان کی گرفتاری شارع فیصل، گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، ٹیپو سلطان، جمشید کوارٹرز، سولجر بازار، محمود آباد، مبینہ ٹاؤن، سچل اور سہراب گوٹھ سے عمل میں آئی۔ ادھر کیماڑی پولیس نے ایک ہی روز میں 23 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں 3 راہزن، 6 منشیات فروش،1 اشتہاری اور 13 دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔ ملزمان سے 3 پستول، دو کلو چرس،69 گرام کرسٹل اور ایک مسروقہ موٹرسائیکل، 4 من سے زائد چھالیہ اور 46 من سے زائد گٹکا ماوا، تمباکو، چونا، کتھہ اور دیگر مٹیریل برآمد ہوا۔ ملزمان کی گرفتاری تھانہ بلدیہ، سائٹ اے ، سائٹ بی، ماڑی پور، پاک کالونی، ڈاکس اور شیرشاہ سے عمل میں لائی گئی۔ سعود آبا،بلدیہ،نیو کراچی صنعتی ایریا،اتحاد ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن سے پولیس نے 10 بڑے کرداروں کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کی چھالیہ،گٹکا اور دیگر اشیا برآمد کرلیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمن بگٹی کے مطابق اورنگی پولیس نے موٹرسائیکل لفٹرز گینگ کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے 3 موٹرسائیکلیں ، 6 موٹرسائیکلوں کے چیچس، انجن ،دیگر پارٹس برآمد کئے گئے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں