ایرانی صدر کا دورہ:بند سڑکیں کھول دی گئیں،موبائل فون سروس آج صبح 8بجے تک معطل

ایرانی صدر کا دورہ:بند سڑکیں کھول دی گئیں،موبائل فون سروس آج صبح 8بجے تک معطل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہرقائدکی سڑکیں رات میں رفتہ رفتہ کھول دی گئیں تاہم موبائل فون سروس آج صبح 8 بجے تک معطل رہے گی۔ٹریفک پولیس کی جانب سے سڑکیں شام سات بجے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن سڑکیں رات پونے دس بجے کے قریب کھلنا شروع ہوئیں۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے موقع پر ٹریفک پلان تبدیل کرتے ہوئے مزید سڑکیں بند کردی گئی تھیں۔شارع فیصل ایئرپورٹ سے پی آئی ڈی سی تک مکمل بند ہونے سے عوام کو تکلیف کا سامنا رہا۔ایم اے جناح روڈ کے دونوں ٹریکس بھی گرومندر سے گارڈن چوک تک تین بجے سے بند تھے ، شارع قائدین، ڈاکٹر ضیا الدین روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند رہا۔ایم اے جناح روڈ سے صدر کی طرف جانے والے روڈ پر کنٹینر لگائے گئے ۔پیپلزسیکریٹریٹ چورنگی کے اطراف بھی کنٹینر رکھ دیے گئے تھے ۔وزارت داخلہ کی ہدایت پر کراچی کے مخصوص روٹس پر موبائل فون سروسز بھی سہ پہر 3 بجے سے معطل کردی گئیں۔پی ٹی اے کے مطابق یہ سروسز24 اپریل صبح 8 بجے تک معطل رہیں گی۔ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ ایرانی وفود کی آمد کے موقع پر 3 ہزار 847 سے زائدافسران و جوان سکیورٹی پر مامور ہیں۔کراچی میں عام تعطیل کے باعث تمام نجی و سرکاری دفاتر،تعلیمی ادارے ،مارکیٹیں اور شاپنگ مال بندتھے ۔شاہراہوں پر صدر اور وزیراعظمکی جانب سے خوش آمدید کے بینرز آویزاں کیے گئے ۔ متعدد سڑکیں بند ہونے کے باعث پیپلز بس سروس کے کئی روٹ بندرہے جن میں آر 1,9, 12 اور 11شامل ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں