انسداد تجاوزات : تمام اضلاع میں بیک وقت کارروائی کا فیصلہ

انسداد  تجاوزات  :  تمام  اضلاع  میں  بیک  وقت  کارروائی  کا  فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلدیہ عظمی کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹاؤنز کی سطح پر مشترکہ حکمت عملی ، تمام اضلاع میں بیک وقت بھرپور کارروائی کا فیصلہ ، ضلع کی سطح پر ہاکرز زون بنانے کی تجویز پر عملدرآمد کیلئے بھی غور شروع کردیا گیا ۔

 تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت جمعہ کے روز انسداد تجاوزات کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی،میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے اپنے اپنے علاقوں میں تجاوزات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر میئر کراچی نے اجلاس کے شرکاء کو شہر کے تمام اضلاع میں بیک وقت تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے بتایا کہ ان کے ضلع میں حیدری فوڈ سٹریٹ بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد، لنڈی کوتل چورنگی، سندھی ہوٹل، حسین آباد فوڈ سٹریٹ، اللہ والا چورنگی نارتھ کراچی، لیاقت آباد 10نمبر اور سپرمارکیٹ کے اطراف تجاوزات کی بھرمار ہے ، تجاوزات کے خاتمے کے لئے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ان تمام جگہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔میئر کراچی کے مطابق ٹاؤن کی سطح پر ڈپٹی کمشنر کے ساتھ کے ایم سی کے ایک انسپکٹر کو فوری طور پر تعینات کیا جارہا ہے ، تاہم شہر سے تجاوزات ختم کرنے کا مقصد شہریوں کو بے روزگار کرنا نہیں ہے ۔

میئر کراچی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکرز مارکیٹ بنانے کی تجویز پر غور کیا جائے تاکہ وہاں ٹھیلوں اور پتھاروں کو منتقل کیا جاسکے ۔ میئر کراچی کے مطابق ایم اے جناح روڈ صدر، ریگل مارکیٹ، موبائل مارکیٹ، نیو ایم اے جناح روڈ،بوہری بازار اور ضلع جنوبی کے دیگر علاقوں سے تجاوزات ختم کی جائیں گی۔سائٹ ایریا میں فیکٹریوں کے باہر کی جگہ کو گرین کرنے کے بجائے وہاں پارکنگ ایریاز بنا دیے گئے ہیں۔فیکٹری مالکان سے درخواست کی جائے کہ وہ فیکٹریوں کے باہر درخت لگائیں اور جگہ کو بہتر کریں۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مین شارع فیصل پر کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ لسبیلہ چوک سے گرومندر تک لاکھوں کی تعداد میں رکشے کھڑے ہوتے ہیں جس کے باعث ٹریفک متاثر ہوتی ہے ۔ ایسو سی ایشن سے بات کر کے اس مسئلے کا حل نکالا جائے ۔اس موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ روڈ کٹنگ پر دفعہ 144لگانے کی تجویز ہے اور اسے جلد نافذ کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں