میرپورخاص :رواں ہفتے خسرہ اورنمونیا سے 11بچے جاں بحق

 میرپورخاص :رواں ہفتے خسرہ اورنمونیا سے 11بچے جاں بحق

میرپورخاص(بیورورپورٹ)میرپورخاص میں خسرہ کی وبا اور نمونیا سے سات روز میں 11 بچے دم توڑ گئے ،تحصیل سندھڑی میں خسرہ کی بیماری وبائی صورت اختیار کرنے لگی،والدین کا وزیراعلی ٰ سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کی تحصیل سندھڑی اور ہنگورو میں خسرہ کی بیماری پر قابو نہ پایا جاسکاہے اور امراض کاشکار متعدد مریض میرپورخاص کے سول اور نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ سندھڑی کے گاؤں محمودالحسن میں اب تک 6بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ فوت ہونے والے بچوں میں 2 سال کی زینب، 3 سالہ محمد قاسم ، 7سالہ افشاں،ایک سالہ نظام الدین، 3سالہ منزا شامل ہیں جب کہ تحصیل ہنگرنو کے نواحی گاؤں حاجی سعید خان میں گلزار سولنگی کی10 ماہ کی بیٹی سمیت سکندر اور 11 ماہ کی سائرہ ولد عبدالخالق کی موت بھی واقع ہو چکی ہے ۔ گاؤں کے مکینوں صابو سولنگی اور دیگر نے بتایا کہ دو دنوں میں پھولوں جیسے 3معصوم بچے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 3 سے زائد بچے بیماری میں مبتلا ہیں، جن کو ہم سول اسپتال لے جارہے ہیں جبکہ بعض ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے نمونیا میں مبتلا ہیں۔ مکینوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بیمار بچوں کے علاج کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجی جائے ۔ دوسری جانب جب اس حوالے سے محکمہ صحت کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ خسرہ اور نمونیہ میں مبتلا بچے لائے گئے تھے جن میں سے ایک بچی تین سالہ منزا سول اسپتال میرپورخاص میں چل بسی ۔ادھر محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ بیماری کی اطلاع پر ایک ٹیم سندھڑی تعلقہ کے گاؤں بھیجی گئی ہے جہاں متاثرہ بچوں کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں