نہر بی آر بی سائفن سے مٹی چوری کا سلسلہ نہ رک سکا

نہر بی آر بی سائفن سے مٹی چوری کا سلسلہ نہ رک سکا

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ کے حکم کے باوجود نہر بی آر بی سائفن سے مٹی چوری کا سلسلہ نہ رک سکا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انہار اور علاقہ پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران مذکورہ مقام سے دن رات ایکسی ویٹرز مشینوں نیز ٹرالیوں اور ڈمپرز کے ذریعے کروڑوں روپے کی مٹی چوری کر لی گئی ہے ۔قبل ازیں ساکنان نواحی مواضعات کی شکایات اور روزنامہ دنیا کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ نے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور تھانہ ستراہ پولیس کو مٹی چوری روکنے کی تاکید کی تو محکمہ انہار کے متعلقہ ایس ڈی او کی مدعیت میں تھانہ ستراہ میں مٹی چوروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی لیکن ایک آدھ دن کے توقف کے بعد نہر اور نالہ ڈیک کے کناروں سے مٹی چوری کرنے کا سلسلہ پھر سے شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے سرکار کا کروڑوں کا نقصان تو ہو ہی رہا ہے لیکن آئندہ برسات کے دنوں میں آنیوالے سیلاب سے ارد گرد کے دیہات اور فصلات کی بھی تباہی کا شدید خطرہ پیدا ہو چکا ہے ۔ نواحی قصبات نند پور،کوٹلی شمس،بھگت پور،چھانگا اورگرو چک کے باسیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فی الفور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں