میٹرک امتحانات جاری ،کمپیوٹراسٹڈیز کا پرچہ بھی آؤٹ

میٹرک امتحانات جاری ،کمپیوٹراسٹڈیز کا پرچہ بھی آؤٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) میٹرک امتحانات کے دوسرے روز بھی دسویں جماعت کا کمپیوٹراسٹڈیز کا پرچہ سوشل میڈیاپرآؤٹ ہوگیا۔ سالانہ امتحانات میں 3لاکھ 65 ہزار 102 امیدوار شرکت کررہے ہیں۔بدھ کو پہلی شفٹ میں کمپیوٹر اسٹڈیزکاپیپرلیا گیا ۔۔

جبکہ دوسری شفٹ میں اردو،سندھی اورجغرافیہ پاکستان کے پرچے لئے گئے ۔نویں جماعت کی طرح دسویں جماعت کاکمپیوٹراسٹڈیز کا پرچہ آؤٹ ہوگیا، حل شدہ پرچہ بھی واٹس ایپ گروپس میں فراہم کردیا گیا۔یاد رہے کہ امتحانی مراکزکے اطراف دفعہ 144نافذکی گئی ہے اور موبائل فون کی برآمدی کی صورت میں فون ضبط کرلیا جائے گا۔گزشتہ روزبھی شہرقائد میں پیپرزکے دوران لوڈ شیڈنگ جاری رہی ، جس سے طلبا کو گرمی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔شہرمیں504امتحانی مراکزبنائے گئے ہیں ، لڑکوں کیلئے 265جبکہ لڑکیوں کیلئے 239امتحانی مراکزبنائے گئے ۔دوسری جانب چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا، اس موقع پر پرچہ آؤٹ ہونے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پرچے آؤٹ ہونے کاثبوت لائیں واویلا نہ کریں ، کراچی کے 510سینٹرمیں ایک دوکی شکایت پر پورے امتحان کو نشانہ نہ بنائیں۔لوڈ شیڈنگ پرکے الیکٹرک کوپہلے ہی خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں، لوڈ شیڈنگ کے باعث طلبا کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے ۔خطوط بھیجنے کے باوجود امتحانی مراکزمیں لوڈ شیڈنگ کی شکایات ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں