شدید گرمی میں12،12گھنٹے لوڈ شیڈنگ،شہری بلبلا اٹھے،کاروبار تباہ طلبا پریشان

شدید گرمی میں12،12گھنٹے لوڈ شیڈنگ،شہری بلبلا اٹھے،کاروبار تباہ طلبا پریشان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)شدید گرمی نے شہر قائد کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جب کہ اس دوران کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی اذیت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

بیشتر علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طور پر 12، 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے نتیجے میں نہ صرف شہری شدید گرمی کی وجہ سے مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں، وہیں بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔میٹرک بورڈ کے امتحانات بھی کراچی میں جاری ہیں اور کئی علاقوں میں پرچوں کے دوران لوڈشیڈنگ کی اطلاعات بھی ہیں، دریں اثنا مسلسل کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا کاروبار تباہ ہوکر رہ گیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے ۔ یہاں تک کے رات 12 بجے بھی مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری سکون کی نیند کو ترس گئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ سے جو علاقے زیادہ متاثر ہیں ان میں کورنگی ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، کیماڑی، لیاری، محمود آباد، ناظم آباد،صدر ، لائنز ایریا سمیت دیگر کئی علاقے شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ملیر کے اسکول میں قائم امتحانی مرکز میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے دوران شدید گرمی کے سبب امتحان دینے والی متعدد طالبات کی حالت بگڑ گئی۔ امتحان دینے والی ایک طالبہ کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث پرچہ حل نہیں کرسکتی۔اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ لوڈ شیڈدنگ سے 4 طالبات کی حالت غیر ہو گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں