لاڑکانہ :پولیس نے 3 یتیم لڑکے فلاحی ادارے کے حوالے کر دئیے

لاڑکانہ :پولیس نے 3 یتیم لڑکے فلاحی ادارے کے حوالے کر دئیے

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) لاڑکانہ پولیس نے کراچی اور جامشورو کے رہائشی 2 یتیم لڑکوں سمیت 3 لڑکوں کو فلاحی ادارے خدمت معصوم ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین یونس انور کھوکھر کے حوالے کردیا، جو تینوں لڑکوں کو اپنے ساتھ لے کر پریس کلب پہنچے اور ورثا کو تلاش کرنے میں مدد کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ دنبہ گوٹھ کراچی کا رہائشی 14 سالہ یتیم لڑکا شیراز ولد امتیاز ملاح 3 ماہ قبل لاڑکانہ پہنچا، 15 مددگار پولیس نے اسے ہمارے ٹرسٹ کے حوالے کیا۔ تین ہٹی کراچی کے رہائشی 12 سالہ یتیم محمد زین ولد ریاض الدین کو تین دن قبل آریجا پھیڑہو پولیس نے ہمارے ٹرسٹ کے حوالے کیا، لڑکے مطابق وہ اولیا مسجد میں دینی تعلیم حاصل کرتا تھا، جہاں 3 روز قبل 3 اغوا کاروں نے اسے بے ہوش کرکے اغوا کرلیا، لیکن وہ کسی طرح ان کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ جامشورو پھاٹک کے علاقے 10 سالہ لڑکے عزیز ولد حسن منگی کو بھی 3 روز قبل لاڑکانہ پولیس نے ہمارے ٹرسٹ کے حوالے کیا تھا، اگر ان تینوں لڑکوں سے متعلق کسی کو معلومات ہوں تو وہ ہمارے ٹرسٹ سے رابطہ کریں تاکہ تینوں لڑکوں کو بحفاظت ان کے ورثا کے حوالے کیا جا سکے ۔ادھر ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو کے مطابق تھانہ کنگا کی حدود سے لاپتا ہونے والے 5 سالہ بچے حسن ولد ضمیر کورکانی کو تلاش کرکے ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں