اسلامی ممالک کو اہم فیصلے لینے ہونگے ،ثروت اعجاز قادری

اسلامی ممالک کو اہم فیصلے لینے ہونگے ،ثروت اعجاز قادری

کراچی (این این آئی)اسلامی ممالک کو امت مسلمہ کے محفوظ مستقبل کے لیے اہم فیصلے لینے کی ضرورت ہے ،عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔۔

 مگر اسرائیل اپنی ہٹ ڈھرمی سے باز نہیں آ رہا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری کرکے سینکڑوں افراد کو شہید کیا ۔کیمپوں میں پناہ لینے والے بچے بزرگ خواتین تکلیف سے تڑپ رہے ہیں مگر اسرائیل کسی پر رحم نہیں کر رہا۔اسرائیلی فورسز یومیہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کی آبادیوں کا محاصرہ کر کے نسل کشی کر رہی ہے ۔معصوم فلسطینیوں کے پانی خوراک کے ذخائر ختم ہو چکے ہیں۔اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ کے فلسطینی بھوک افلاس کا شکار ہیں۔اسرائیل کے ظلم و جبر کو دیکھ کر انسانیت بھی شرما جائے ۔نہتے معصوم فلسطینی اپنے معصوم بچوں کو بھوک سے تڑپتا ہوا دیکھ رہے ہیں مگر اسرائیل کی جارحیت کی وجہ سے مجبور ہیں۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عالمی طاقتیں اسرائیل کو روکنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔یہ بات تمام امت مسلمہ کو سوچنی چاہیے کہ جس سے وہ ہاتھ ملا رہے ہیں وہی ان کی پیٹھ میں خنجرگھوپ رہا ہے ۔ مسلم ممالک،اقوام متحدہ،او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں سب مل کر صرف تماش بین بنے ہوئے ہیں۔قیامت کے روز پوری امت مسلمہ کو اس کا حساب دینا ہوگا۔اب بھی وقت ہے کہ فوری طور پر تمام مسلم ممالک متحد ہو کر غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی جان بچائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں