محکمہ ایکسائز : ٹیکس چوروں ، منشیات فروشوں کیخلاف ریپڈ ریسپانس فورس بنا نیکا فیصلہ

محکمہ  ایکسائز :  ٹیکس  چوروں  ،  منشیات  فروشوں  کیخلاف  ریپڈ  ریسپانس  فورس  بنا نیکا  فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔

جس میں ٹیکس چوروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے محکمہ ایکسائز کا ریپڈ ریسپانس فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے ایکسائز حکام کو ہدایات دیں کہ منشیات کی ہر قسم کی تسخری روکنے کیلئے محکمہ ایکسائز کی جانب سے چوکیاں بھی بنائی جائیں۔ اجلاس میں محکمہ ایکسائز کی جانب سے عید الاضحی کے فوری بعد پریمیم نمبر پلیٹس کی نیلامی اور پریمیم نمبر پلیٹس کے اجراع کے حوال سے ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہر کیٹیگری میں 7 پریمیم نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوگی، تاہم پریمیم نمبر پلیٹس کے استعمال کا طریقہ کار ہوگا، غلط پلیٹ لگانے پر سخت کارروائی ہوگی ۔عید قرباں کے فوری بعد تقریب ہوگی، گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے اور ڈپلیکیٹ نمبر پلیٹس کی تیاری آسان بنانے کیلئے مشینری نصب کرنے سمیت دیگر اقدامات اٹھائے جائینگے ۔سینئر وزیر نے محکمہ ایکسائز کے افسران کو مختلف ٹیکسز کے ٹارگٹ کا حصول یقینی بنانے کی ہدایات دیں اور ٹیکس اہداف کے حصول تک افسران کی ہفتے اور اتوار کی چھٹی ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ اجلاس میں ٹیکسز سے متعلق عوامی آگہی مہم کے طور پر اخبارات میں اشتہارات شائع کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں