مون سون کیلئے ہنگامی پلان بنانے کی ہدایت

مون  سون  کیلئے  ہنگامی  پلان  بنانے  کی  ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رواں سال جولائی سے اگست 100 فیصد زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی تیاری ہونا لازمی ہے ۔۔

یہ بات پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل سید سلمان شاہ نے کمشنر آفس میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کہی جبکہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے مون سون کے پیش نظر متعلقہ اداروں کا اجلاس طلب کرلیا اور انہیں ایمرجنسی پلانز مرتب کرنے کی ہدایات کی ہیں۔جمعہ کو کشمنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں کراچی ڈویزن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی)، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے )، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز (ٹی ایم سیز)، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ، ٹریفک پولیس، فائر بریگیڈ، کنٹونمنٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔سید سلمان شاہ نے بتایا کہ رواں سال جولائی سے اگست 100 فیصد زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں،جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی تیاری ہونا لازمی ہے ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کے ایم سی، واٹر بورڈ، ٹی ایم سیز، کے ڈی اے ،ڈی سیز اور کنٹونمنٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں سے بارشوں کے پیش نظر انکی تیاری کی صورتحال کا معلوم کیا اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی پلان ترتیب دینے کی ہدایات کی ۔اجلاس میں کراچی ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنی اپنی تیاری کی بریفنگز پیش کیں، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پلان بی بھی ترتیب دینے کے یقین دہانی کرائی ۔کے ایم سی کے نمائندگان نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے ٹینڈر پروسیس کر رہے ہیں جس کے بعد ہی ایمرجنسی پلان ترتیب دیا جائے گا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سال 2022 کے بارشوں کے تجربے کے پیش نظر کراچی میں کل 198 نشیبی علائقے ہیں جہاں پانی ٹھہرتا ہے ان میں سے 29 حساس علاقے ہیں اور 11 علاقوں سے کے ایم سی کی مشینوں کے ذریعے پانی نکالا گیا جبکہ باقی علاقوں سے پی ایم ڈی اے نے پانی نکالا تھا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے تمام اداروں کے نمائندگان پر زرو دیا کہ وہ فوری طور پر مون سون بارشوں سے نمنٹے کے لیے ایمرجنسی اور کنٹی جنسی پلانز مرتب کرلیں تاکہ کسی بھی صورتحال سے احسن طریقے سے نمٹا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنے اپنے مشین اور ہیومن ریسورس کی لسٹیں ترتیب دیں اور انکو کمشنر آفس کے ساتھ ملکر جامع حکمت علی کی شکل دیں، جس کے لیے اگلے ہفتے اسی سلسلے میں مزید تفصیلی بریفنگز کے ساتھ اپنی تیاری کی رپورٹ پیش کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں