پھلوں،سبزیوں اور پودوں کے 60 اقسام کے بیجوں کا بینک تیار

پھلوں،سبزیوں اور پودوں کے 60 اقسام کے بیجوں کا بینک تیار

کراچی (اسٹاف رپورٹر )جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز نے کہا کہ موجودہ تناظر میں شدید گرمی کی لہر سے بچاؤ کے لیے شجرکاری ہی بہترین اقدام ہے ۔۔

دو کروڑ سے زائد آبادی والا شہر کراچی ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے دو چار ہے جس کی ایک اہم وجہ بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی بھی ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سینٹر فارپلانٹ کنزرویشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل بائیوڈائیورسٹی ڈے کے موقع پر ڈاکٹر ایس آئی علی بوٹینیکل گارڈن جامعہ کراچی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں شہر بھر سے مختلف اسکولزاور جامعات کے طلباوطالبات نے اس موقع پر ہونے والی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا جس میں پلانٹیشن ڈرائیو، کچن / آرگینک گارڈننگ، سیڈجرمینیشن، سیڈ کلیکشن، پلانٹس کلیکشن،ڈیجیٹل ڈسپلے، فوٹوگرافی اور پلانٹس شاپ کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے نہ صرف شجرکاری میں اضافہ بلکہ پودوں سے لگاؤ اور ان کی دیکھ بھال کرنے کے حوالے سے بھرپورآگاہی اور شوق کا جذبہ پروان چڑھتاہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمدقیصر، رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، رئیس کلیہ علوم پروفیسرڈاکٹر مسرت جہاں یوسف ودیگراساتذہ اور طلبہ نے بھی مختلف اقسام کے پودے لگائے ۔قبل ازیں انچارج سینٹر فار پلانٹ کنزرویشن جامعہ کراچی ڈاکٹر روحی بانو نے تقریب کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سینٹر فارپلانٹ کنزرویشن جامعہ کراچی کی جانب سے مختلف اقسام کے پھلوں،سبزیوں اور پودوں پر مشتمل 60 اقسام کے بیجوں کا بینک بھی تیارکیاگیاہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں