عیدالاضحی سے متعلق پولیس نے سیکورٹی پلان تیارکرلیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ کی زیر صدارت امن وامان کی متعلق اہم اجلاس، عیدالاضحی سے متعلق سیکورٹی پلان تیار، کراچی پولیس چیف سمیت شہر میں تعینات تمام افسران نے شرکت کی۔
مویشی منڈیوں کی سیکورٹی پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں کراچی میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اس تناظر میں پولیس کے مجموعی امور و اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس سمیت کراچی رینج،یونٹس اور شعبہ تفتیش کے تمام سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ سال 2024 کے موقع پر مویشی منڈیوں، بازاروں،سڑکوں شاہراہوں اور علاقوں کو محفوظ بنانے کے ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہم مشاورت اور تجاویز پر مشتمل فول پروف منصوبہ اضلاع کے لحاظ سے ترتیب دیا جائے ۔جسکے تحت غیرمعمولی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو پیش نظر رکھ کر تمام ضلعی افسران اپنے اپنے علاقوں میں مویشی منڈیوں، بازاروں، سڑکوں اور شاہراہوں سے منسلک/ ذیلی راستوں، گزرگاہوں کو پولیس کی اضافی ڈپلائمنٹ اور کڑی نگرانی سے محفوظ بنائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعوں،ڈویژنز اور تھانہ جات کے سپروائزری افسران ڈپلائمنٹ پر موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ خود کی بھی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں گے ۔علاوہ ازیں تھانوں میں پولیس کی اضافی نفری کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔