میئر کی زیر صدارت بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس،5قراردادیں پیش

میئر کی زیر صدارت بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس،5قراردادیں پیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس پیر کوکونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 5 قراردادیں پیش کی گئیں۔ اجلاس میں قرارداد کے ذریعے چیئرمین یوسی 7 لیاقت آباد شہاب الدین کے انتقالِ پرُملال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ آج کا اجلاس شہاب الدین کی خدمات کا اعتراف کرتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے ماہ و سال اللہ کے دین کی سربلندی اور عوام کے لئے وقف کردیے تھے ۔ ایک اور قرارداد کے ذریعے خیبر پختونحوا کے لکی مروت سیکورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت سات جوانوں کے شہید ہونے کے واقعہ پر دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا جب کہ اسٹریٹ کرائم کی شدید مذمت کی گئی جس کے نتیجے میں اتقاء معین، عبدالباسط اور محمد فیاض جاں بحق ہوگئے تھے اس پر بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر جمن دروان اور دل محمد کی قرارداد کے ذریعے ممبر سٹی کونسل یاسمین بٹ کے بھائی اور یوسی 2 مومن آباد کے چیئرمین ممتاز تنولی کے بھائی کے انتقال پر بھی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تمام مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں