بجٹ میں مہنگائی کی شرح کو کم کیاجائے ،منعم ظفر

بجٹ میں مہنگائی کی شرح کو کم کیاجائے ،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے وفاقی بجٹ برائے سال 2024-25کے حوالے سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں مہنگائی کی شرح کو کم کر کے عام افراد کو ریلیف دیا جائے ،تنخواہوں میں 30فیصد اضافہ کیا جائے ، کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے کم از کم 100ارب روپے کابجٹ مخصوص کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت کم ہونے کے باوجود اس تناسب کے بجائے معمولی کمی کی جارہی ہے ،پٹرول کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے تاکہ شہریوں کو کچھ نہ کچھ ریلیف مل سکے ۔عام افراد بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری کے باعث پہلے ہی بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کی وجہ سے پریشان ہیں دوسری جانب مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ، دہاڑی دار مزدور کا زندگی گزارنا مشکل ہوتا جارہا ہے ،غربت کے خاتمے کے بجائے غریب کو ہی ختم کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کم سے کم مزدور کی تنخواہ 32ہزار روپے ہوگی لیکن آج تک اس پر عمل نہیں ہوسکا۔المیہ یہ ہے کہ جب بھی نئے سال کا بجٹ آتا ہے اس میں کراچی کے لیے کوئی ترقیاتی بجٹ مختص نہیں کیا جاتااور اگر اعلان ہوجائے تو اس پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، ماضی میں کراچی کے لیے اعلانات اور وعدے تو بہت کیے جاتے رہے لیکن عملاً کچھ نہیں کیا گیا،مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کسی کو بھی کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ، کراچی منی پاکستان ہے ، کراچی پورے ملک کی معیشت کو چلاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں