ٹیکسز سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، شاداب رضا نقشبندی

 ٹیکسز سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، شاداب رضا نقشبندی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ نئے ٹیکسز سے مہنگائی کا طوفان آئیگا ۔غریب کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

پرائیویٹ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگا کر حکومت نے ٹیکسز ہدف پورا کرنے کیلئے سارا بوجھ مزدور پر ڈال دیا ہے ، نئے ٹیکسز کے بجائے کرپشن کو کنٹرول کرکے مطلوبہ ہدف حاصل کیا جائے ۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ نجی شعبے کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی کو گارنٹی نہیں ملتی،پٹرول،ڈیزل پر لیوی 60سے بڑھا کر 80روپے لٹر کردیا ہے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا،فائلر اور نان فائلر کو ایشو بناکر بھی غریب کو ہی لوٹا جارہا ہے ،30سے 35ہزار روپے کمانے والا پہلے ہی ہر شے پر ٹیکس ادا کررہا ہے ،2ہزار ارب کے نئے ٹیکسز کا ہدف پورا کرنے کیلئے 3ہزار5ارب روپے کے نئے ٹیکسز کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیاہے ،وفاقی بجٹ عوام وتاجر دوست نہیں بلکہ آئی ایم ایف دوستانہ بجٹ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کو کم کرنے کے دعوے کررہی ہے مگر اس کے ثمرات عام افراد کو نہیں پہنچ رہے ،پٹرول مہنگا ہوتا ہے تو ہر شے کو مہنگا کردیا جاتا ہے جب پٹرول سستا ہوتا ہے تو کوئی شے کم قیمت پر نہیں آتی،حکومت پٹرول اور ڈیزل پر لیوی ٹیکس میں اضافے کو فوری واپس لے تاکہ مہنگائی کو بڑھنے سے روکا جاسکے ۔12ہزار970ارب کے ٹیکس ہدف کو پورا کرنے کیلئے وزیر خزانہ غریب کو ٹیکسز کی چکی میں نہ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ خوش آئند ہے لیکن پرائیویٹ سیکٹر میں بالخصوص مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں