میئر کابوہرہ کمیونٹی کی مساجد کا دورہ،عید کی مبارکباد

میئر کابوہرہ کمیونٹی کی مساجد کا دورہ،عید کی مبارکباد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے اتوار کو طاہری مسجد صدر، سٹی کورٹ ایم اے جناح روڈ، شبیر آباد اور حیدری میں واقع بوہرہ کمیونٹی کی مساجد کا دورہ کیا اور عید کی مبارکباد دی۔۔۔

انہوں نے کہا کہ آج بوہرہ کمیونٹی عید الاضحی منا رہی ہے میرا ان مساجد میں آ نے کا مقصد بوہرہ کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ ان کی خوشیوں میں شریک ہونا ہے ، میئر کراچی نے عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے آپریشن کا بھی جائزہ لیا، میئر کراچی نے کہا کہ تمام علاقوں سے آلائشیں اٹھانے کی صورتحال اطمینان بخش ہے امید ہے کہ یہ آپریشن عید کے ایام میں بھی جاری رہے گا اور اس حوالے سے عوام کو کم سے کم شکایات ہونگی، انہوں نے کہا کہ لیاری اور اولڈ سٹی ایریا کے تنگ علاقوں میں آلائشیں ٹرالیوں اور چھوٹی گاڑیوں سے بھی اٹھائی جائیں اور جن تنگ گلیوں اور محلوں میں بڑی گاڑیاں داخل نہیں ہوسکتی وہاں چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے آلائشیں اٹھائی جائیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے ایک علیحدہ بیان میں عالم اسلام خصوصاً کراچی کے عوام کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ عید الاضحی مسلمانوں کا عظیم تہوار ہے یہ دن ہمیں فرمانبرداری، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے ، اس دن ہمیں ملک کی سلامتی، یکجہتی، اخوت، مساوات اور بھائی چارگی کے لیے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں اور عزیز و اقارب خصوصی غریبوں کا خیال رکھنا اس عید کا پیغام ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں