پانی و بجلی بحران ،جماعت اسلامی کا بدھ کو دھرنے کا اعلان

پانی و بجلی بحران ،جماعت اسلامی کا بدھ کو دھرنے کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف 26جون بدھ کو شارع فیصل پر عظیم الشان وتاریخی دھرنا دیا جائے گا۔

 شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں،بیشتر علاقوں میں 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔ وائٹ کالر کرمنلز کو شہریوں پر مسلط کردیا گیا جس کی سرپرستی پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کررہی ہے ۔ ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤن چیئرمینز کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہپیپلزپارٹی نے اٹھارہوں ترمیم کی آڑ میں خود تو اختیارا ت حاصل کرلیے لیکن وہ انہیں نچلی سطح پر منتقل نہیں کرنا چاہتی۔ہمارا واضح مطالبہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت اختیارات ٹاؤن و یوسیز کی سطح پر منتقل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اہل کراچی کا مقدمہ لڑرہی ہے ، ہم حق دو کراچی تحریک کو ازسر نو منظم کریں گے اور شہریوں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے عوام جدوجہد کرینگے ۔منعم ظفر نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ پیش کیاجاچکا ہے اور آج بلدیہ کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔عملاً سارے بجٹ میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے کوئی فنڈنہیں رکھا گیا، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے 2019 تا 2025 تک ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ورلڈ بینک ، ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور کلک سے اربوں روپے کے قرضے لیے ،وہ بتائے کہ قرضوں کی رقم کہاں خرچ کی گئی؟۔اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی وبلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ،سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔پریس کانفرنس میں حج کے موقع شدید گرمی و حبس کی وجہ سے شہید ہونے والے 1ہزار سے زائد عازمین حج کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں