عوام مہنگائی کے سونامی کی تیاریاں کر لیں،ثروت قادری

 عوام مہنگائی کے سونامی کی تیاریاں کر لیں،ثروت قادری

کراچی (این این آئی)عوام کو بہلانے کے لیے ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی حکومت کا دعوی ٰہے کہ بجٹ عوام کی امنگوں کے مطابق ہے ۔باتوں اور دعووں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرے گا حکومت کو اب ثابت کر کے دکھانا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری مختلف نجی این جی اوز کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر عوام مہنگائی کے سونامی کے لیے تیاریاں کر لے ۔کیونکہ ملک کی عوام کے نام پر جو قرضے لیے گئے ہیں اس کا بوجھ بھی بجٹ میں لگا کر عوام کے ناتواں کندھوں پر ڈالا جاتا ہے۔ پانی، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اوراشیائے خور و نوش عوام کے روزمرہ کے استعمال کی چیزیں ہیں۔پہلے ہی یہ ان سب پر قیمتیں ڈبل کر دی گئی ہیں۔عوام جتنی بجلی استعمال کرتی ہیں اتنا ہی بل آنا چاہیے مگر جتنی استعمال کی جاتی ہے اس کا تین گنا بڑھ کر بل آ جاتا ہے ۔کوئی اس محکمے کو لگام ڈالنے والا ملک میں موجود نہیں ہے ۔اعلیٰ عدلیہ کو چاہیے کہ از خود نوٹس لے کر شہریوں کے بلوں کو دیکھے اور مکمل انکوائری کروانے کے بعد متعلقہ محکمے سے معلوم کرے کہ یہ کیا معاملہ ہے ۔پھر سب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ثروت قادری کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ۔منافع خوروں نے مارکیٹوں سے اشیا غائب کرنا شروع کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں