بجلی کی بندش پر احتجاج کا دائرہ پھیلنے لگا،مظاہروں میں شدت

بجلی  کی  بندش  پر  احتجاج  کا  دائرہ  پھیلنے  لگا،مظاہروں  میں  شدت

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گرمی کی شدت کے ساتھ ساتھ شہر میں بجلی کا بحران بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ، شہر میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی نے شہریوں کو احتجاجی مظاہروں پر مجبور کر دیا ۔۔۔

گزشتہ شب بفرزون اور نیو کراچی گودھرا چوک پر علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا۔مظاہرین کی جانب سے بفرزون نمک بینک شفیق موڑ کے قریب سہراب گوٹھ جانے اور آنے والے دونوں ٹریک پر دھرنا دے کر متعلقہ حکام کے خلاف نعرے لگائے اور فوری طور پر بجلی اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا جبکہ نیو کراچی گودھرا چوک کے قریب بھی بجلی اور پانی کے ستائے ہوئے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا۔ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جبکہ عام شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کی صورتحال سے دوچار ہونا پڑ گیا تاہم پولیس نے مظاہرین سے بات چیت کے بعد پرامن طور پر منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔بجلی کے ستائے غریب آباد کے رہائشیوں کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا۔ سیکڑوں کی تعداد میں علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور رکاوٹیں رکھ کر ٹریفک معطل کرانے کے بعد پرانے ٹائر اور کچرا سڑک پر ڈال کر آگ لگا دی۔رات بارہ بجے شروع کیا جانے والا احتجاجی مظاہرہ صبح تک جاری رہا تاہم بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ ماڑی پور ، لیاری ، سٹی ریلوے کالونی ، رنچھوڑ لائن ، لائنز ایریا ، لانڈھی کورنگی ، ملیر نارتھ کراچی ، نیوکراچی ، سرجانی ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں ، کہیں سڑک بلاک کی جا رہی ہے تو کہیں جلاؤ گھیراؤ کیا جا رہا ہے تاہم مسائل جوں کے توں قائم ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں