سرکاری ہائیڈرنٹس پر حملے،واٹر کارپوریشن نے پولیس اور رینجرز حکام سے مدد مانگ لی

سرکاری ہائیڈرنٹس  پر  حملے،واٹر  کارپوریشن  نے  پولیس  اور  رینجرز حکام  سے  مدد مانگ  لی

کراچی (رپورٹ :محمد علی حفیظ ) کراچی میں سرکاری واٹر ہائیڈرنٹس سے ٹینکرز سروس ہر حال میں جاری رکھنے اور یہاں تعینات عملے کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ نے پولیس اور۔۔۔

 رینجرز کے اعلیٰ حکام سے مدد مانگ لی ہے واٹر کارپوریشن انتظامیہ نے موقف اپنایا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے سرکاری ہائیڈرنٹس پر حملہ آور ہورہے ہیں یہاں پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں واٹر کارپوریشن کے قانونی واٹر ہائیڈرنٹس جن میں سخی حسن ہائیڈرنٹ ، نیپا ہائیڈرنٹ اور لانڈھی ہائیڈرنٹ شامل ہیں یہاں پر مسلسل احتجاج ،حملوں اور ٹینکر سروس طاقت کے زور پر بند کروانے کا واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ نے سخت نوٹس لیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ واٹر کارپوریشن سید صلاح الدین احمد نے پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا ہے جبکہ متعلقہ عملے کے ذریعے بھیجے گئے شکایتی خط میں موقف اپنا گیا ہے کہ سرکاری واٹر ہائیڈرنٹس سے سرکاری و نجی اسپتالوں، اہم ترین سرکاری اداروں کے دفاتر ، اور شہر میں جہاں آتشزدگی کے واقعات ہوتے ہیں وہاں فوری پانی سپلائی کیا جاتا ہے تمام سرکاری ہائیڈرنٹس قانون کے تحت ایک طے شدہ فارمولے پر ملنے والے پانی کو ٹینکرز کے ذریعے جہاں ضرورت و طلب ہوتی ہے وہاں پانی فراہم کرتے ہیں ۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان سرکاری ہائیڈرنٹس سے دور دراز رہائشی آبادیوں میں پانی سپلائی کیا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں