سکھر بیراج کا دروازہ پانی میں بہہ جانا خطرے کی گھنٹی، صفدر عباسی

سکھر بیراج کا دروازہ پانی میں بہہ جانا خطرے کی گھنٹی، صفدر عباسی

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) سکھر بیراج کا دروازہ پانی میں بہہ جانا خطرے کی گھنٹی ہے ، کرپشن کے باعث بیراجوں کی مرمت ٹھیک طریقے سے نہیں ہوئی۔

 ان خیالات کا اظہار جی ڈی اے کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے ایک بیان میں کیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سکھر بیراج کا 47 نمبر دروازہ پانی کا دباؤ برداشت نہیں کر سکا اور پانی میں بہہ گیا، جس سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دروازے پر ایک ارب روپے کی لاگت آئی تھی جو بہت بڑی رقم ہے ، ہم ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، اگر دروازے کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا گیا تو سالانہ فصلوں کا نقصان اٹھانا پڑے گا اور ایک بار پھر تباہی پھیلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھر بیراج کے دروازے نے کرپشن کے کئی راز کھول دئیے ہیں کہ سندھ میں کئی برس سے کس طرح لوٹ مار کا بازار گرم ہے ، یہ ایک حقیقت ہے کہ نااہل اور کرپٹ حکمران مافیاز کے باعث بیراجوں کی مرمت کے پیسے بھی ہڑپ کرلئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے کہا کہ اب سندھ پر رحم کرو سندھ کا کافی نقصان ہوچکا ہے ، پورا سندھ تباہی کے کنارے پر پہنچ چکا ہے ، اب عوام میں قوت برداشت بھی ختم ہو چکی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں