کشمور ،ٹنڈوآدم میں نہر میں نہاتے ہوئے 2افراد جاں بحق

کشمور ،ٹنڈوآدم میں نہر میں نہاتے ہوئے 2افراد جاں بحق

کشمور (نمائندہ دنیا) اندرون سندھ مختلف حادثات و واقعات اور گرمی کی شدت سے 3 افراد جاں بحق،5زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق کشمور میں ایری گیشن کالونی گیٹ کے سامنے پٹ فیڈر شاہی واہ میں ملتان کا رہائشی 25سالہ وسیم احمد دوستوں کے ہمراہ نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ آخری اطلاعات تک لاش نہیں مل سکی تھی۔ ٹنڈوآدم کی سوئی کندر شاخ میں نہاتے ہوئے 12 لڑکا سکندر علی ولد رانجھن کوری ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ ورثا کے مطابق سکندر علی کو جانوروں کو گھاس کھلانے کیلئے بھیجا تھا کہ واقعہ پیش آگیا۔ لاڑکانہ کے نواحی گاؤں وکیا سانگی میں 55 سالہ کاشتکار بخشل رند اپنی زرعی زمین میں کھیتی باڑی کرنے کے بعد گھر پہنچ کر گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے بے ہوش ہوگیا، جسے ورثا بے ہوشی کی حالت میں چانڈکا اسپتال لے گئے ، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔ محراب پورکے سدوجا تھانے کی حدود گاؤں علی خان کھوسو میں پلاٹ کی ملکیت کے تنازع پر کھوسو برادری کے دو گروپوں میں تصادم ہوگیا، جس میں ڈنڈے ، اینٹیں اور گولیاں چل گئیں۔ تصادم میں سبحان کھوسو، عابدہ کھوسو، وزیراں کھوسو سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں مورو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میہڑ کے قریب کاچھو کے علاقے فرید آباد تھانے کی پولیس موبائل تیز رفتاری کے دوران سیم نالے میں گرگئی ، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار ڈوب گئے ۔ علاقہ مکینوں نے چاروں پولیس اہلکاروں ڈرائیور الطاف ، اے ایس آئی عبدالمجید ببر ، اہلکار وزیر اور ضمیر کو اسپتال منتقل کردیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں