بی آئی ایس پی:کٹوتیوں پر ڈیوائس ہولڈر کو بلیک لسٹ کرنے کاحکم

بی آئی ایس پی:کٹوتیوں پر ڈیوائس ہولڈر کو بلیک لسٹ کرنے کاحکم

نوڈیرو (نمائندہ دنیا)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ملنے والی رقم سے کٹوتیوں کی شکایات پر حلقے سے منتخب رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے نوٹس لے لیا۔

ڈی جی بی آئی ایس پی سندھ ذوالفقار علی شیخ اور ڈی ڈی ایاز علی شیخ ،پیپلز پارٹی کے رہنما حاجی عبدالخالق بھٹو اور دیگر کے ہمراہ بی آئی ایس بی سینٹر نوڈیرو پہنچ گئے اور انہوں نے کٹوتی کرنے والے ڈیوائس ہولڈر ز کو بلیک لسٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سینٹر کے اندر فوری شکایتی سیل قائم کردیا ، شکایات سیل میں بڑی تعداد میں مستحق عورتیں ڈیوائس ہولڈرز کیخلاف شکایات لیکر پہنچ گئیں۔ ڈی جی سندھ ذوالفقار علی شیخ نے خواتین کی جانب سے نشاندگی کرنے پر ملوث ڈیوائس ہولڈز کے خلاف سخت کارروائی کرکے رقم کی وصولی کو بہتر اور آسان بنانے کاحکم دیا۔انہوں نے سینٹر کے انچارج اختیار علی مگنیجو کو سینٹر کے اندر شکایتی سیل قائم کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی جی سندھ نے سینٹر کے انچارج کو حکم دیا کہ جس بھی ڈیوائس ہولڈر پر رقم کی کٹوتی کے شواہد اور ثبوت ملیں ، انکو فوری طور پر بلیک لسٹ کرکے کارروائی کی جائے ۔انہوں نے نوڈیرو تھانہ کے ایس ایچ او شاہد میمن کو بھی سینٹر طلب کر کے سختی سے ہدایات جاری کیں کہ سینٹر میں آنے والی خواتین کو مکمل سیکیورٹی دی جائے اور پولیس اہلکار وں کو پابند کیا جائے کہ متعلقہ افراد کے علاوہ کوئی بھی شخص ڈیوائس ہولڈر کے پاس نہیں بیٹھے گا۔انہوں نے کہاکہ وہ سینٹر کے اندر ڈوائس ہولڈر یا بی آئی ایس بی ملازم کی جانب سے نا انصافی یا کٹوتی کی شکایات کا ازالہ کر کے خواتین کو آگاہ کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں