محرم الحرام سکیورٹی پلان ، اسلحہ کی نمائش پر پابندی

محرم الحرام  سکیورٹی  پلان  ،  اسلحہ  کی  نمائش  پر  پابندی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے اڑھائی ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور آفیشلز نے سکیورٹی ڈیوٹی سنبھال لیں۔۔۔

جبکہ عشرہ محرم میں پاک فوج کی دو کمپنیاں بھی امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ضلع میں فرائض سر انجام دینگی، ترجمان ضلعی پولیس خرم اقبال کے مطابق یکم سے عاشورہ محرم تک ضلع بھر میں مجموعی طور پر658جلوس برآمد ہو نگے اور 2404مجالس پرپاکی جائیں گی ،سکیورٹی پلان اور جاری ضابطہ اخلاق کے تحت حساس مقامات کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے گی، 10 محرم الحرام تک لائسنسی اسلحہ کو بھی سر عام لے کر پھرنے یا اسکی نمائش پر پابندی ہو گی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز کے خلاف بھی کارروائی ہو گی، اہل تشیع اور دیگر مکاتب فکر کے مقامات و عبادتگاہوں کے احترام اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، مساجد، امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹوں کی حساس اداروں کے ذریعے سرچ اور سویپنگ کرائی جائے گی، امام بارگاہوں کے باہر اور اندر مسلح پولیس اہلکار و سکیورٹی گارڈز تعینات ہونگے ، خواتین کی مجالس میں لیڈیز پولیس بھی ڈیوٹیاں دے گی، جبکہ مجالس اور جلوسوں میں سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے ، اس ضمن میں ضلع بھر میں پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس کے عملہ کی چھٹیاں بند کر دی گئی ہیں، محرم الحرام کے ایام میں بھی حساس اداروں کے ساتھ مل کر ضلع میں سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال پر ایمپلی فائر ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے ، اشتعال انگیز تقریر، نعرے بازی اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گی، مجالس و جلوسوں اور امام بارگاہوں کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے ، جبکہ ضلع بھر میں سبز نمبر پلیٹ اور مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے تشکیل دی گئی سپیشل ٹیمیں اپنا کام شروع کر دیا ہے ناکہ جات پر ایسی گاڑیوں کی چیکنگ اورروک تھام کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں