سکھر :محرم میں زائرین کیلئے اسپیشل ٹرینیں چلانے کامطالبہ

سکھر :محرم میں زائرین کیلئے اسپیشل ٹرینیں چلانے کامطالبہ

سکھر(بیورو رپورٹ)محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی و دیگر معاملات کے حوالے سے ڈی ایس آفس ریلوے سکھر میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے شیعہ علماء کرام و عہدے داران نے شرکت کی۔

 کمیٹی روم میں ڈی ایس پاکستان ریلوے سکھر ڈویژن فرمان غنی کی زیر صدارت منعقد ہ اجلاس میں ایس پی ریلوے پولیس سکھر سید ذوالفقار علی شاہ سمیت ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔ شیعہ علماء کرام کے وفدکی سربراہی سیکریٹری تبلیغات سندھ مجلس وحدت المسلمین غلام شبیر کانجو کررہے تھے ۔ علماء کرام کا کہنا تھا کہ 8,9,10 محرم الحرام کے دنوں میں مختلف اضلاع سے شیعہ خواتین و حضرات بڑی تعداد میں بذریعہ ٹرین روہڑی پہنچتے ہیں ،اس لیے ریلوے انتظامیہ زائرین کے لیے اسپیشل ٹرینیں چلائے اور دیگر ٹرینوں میں بھی مسافر کوچیز کی تعداد کو بڑھایا جائے اور مندرجہ بالا دنوں میں ٹرینوں کے مختلف اسٹیشنوں پر اسٹاپیج کو بھی بڑھایا جائے ، تاکہ کوئی بھی مسافر ٹرینوں کی چھتوں پر سفر نہ کرے ، جس پر ڈی ایس ریلوے سکھر کا کہنا تھا کہ ان دنوں میں ریلوے انتظامیہ کی جانب سے تمام ٹرینوں کے اسٹاپیج مختلف اسٹیشنوں پر کر دیے جاتے ہیں اور گزشتہ سال بھی زائرین کے لیے اسپیشل ٹرین چلائی گئی تھیں۔انہوں نے کہاکہ ریلوے انتظامیہ سکھر محرم الحرام میں زائرین کو ہر قسم کی سہولت مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ زائرین بھی محکمہ ریلوے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ زائرین میں سے کوئی بھی ٹرین کی چھت پر سفر نہ کرے اور تمام زائرین ٹکٹ لیکر سفر کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں