محرم میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائینگے ،ڈی جی رینجرز

 محرم میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائینگے ،ڈی جی رینجرز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص نے ہیڈ کوارٹرز پا کستان رینجرز میں محرم الحرام کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے جیدعلماء، اکابرین اور بوہری کمیونٹی کے وفودسے ملاقات کی۔

 ملاقات کے دوران ڈی جی رینجرز نے علماء کرام کو محرم الحرام اور بوہری کمیونٹی کے مذہبی اجتماعات کے دوران سیکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا اور اس عزم کااعادہ کیا کہ امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائینگے ۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے تمام علماء کرام، اکابرین اور دیگر سے ملی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری قائم رکھنے پر زور دیا۔دوران ملاقات اس بات پراتفاق کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اورضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جا ئے گااور اس کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ علماء، اکابرین اور بوہری کمیونٹی کے وفود کی جانب سے مذہبی منافرت اور شرانگیزی پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی میں اپنے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔ شرکاء نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر،مشکوک سر گرمی اور نا خو ش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار،رینجرز ہیلپ لائن پر، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں