حکومتی احکامات نظرانداز،بجلی غائب،شہری رات جاگ کرگزارنے پر مجبور

حکومتی احکامات نظرانداز،بجلی غائب،شہری رات جاگ کرگزارنے پر مجبور

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت سندھ اور کمشنر کراچی کو یقین دہانی کرانے کے باوجود کے الیکٹرک نے شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ نہ کم کیا اور نہ ہی رات 12 سے صبح 6 بجے کے درمیان لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو رات جاگ کر گزانا پڑ رہی ہے ۔

لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی 12 سے 14 گھنٹے تک ہے جبکہ فنی خرابی کیبل فالٹ کی وجہ سے بجلی کئی کئی گھنٹوں سے بند رہنے کی شکایت بھی موصول ہورہی ہے ۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے ، حد دورانیہ 10 گھنٹے تک ہے ۔ سندھ حکومت کے وزرا اور کمشنر کراچی کو کے الیکٹرک کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں لہذا لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی تاہم اس کے باجود شہر میں بے دریغ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔مختلف علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کیلئے بجلی بند کی جارہی ہے ، کیبل فالٹ اور فنی خرابی کے نام پر بھی کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔ سندھ حکومت کے وزیروں نے کے الیکٹرک حکام سے ملاقات کی تھی اور لوڈ شیڈنگ کم کرنے اور رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا کہا تھا لیکن اس کے باوجود شہر میں بدترین لوشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے معمول بن چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں