حکام کی غفلت ، ثقافتی ورثہ لاوارث ہوگیا ، تاریخی عمارتیں خستہ حالی کا شکار

حکام    کی   غفلت   ،   ثقافتی    ورثہ   لاوارث   ہوگیا   ،   تاریخی    عمارتیں   خستہ   حالی   کا   شکار

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ضلعی انتظامیہ، پی ایچ اے اور لائلپور ہیریٹیج فاؤنڈیشن کی غفلت کے باعث ثقافتی ورثہ لاوارث ہوگیا، مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے تاریخی عمارتیں خستہ حالی کا شکار ہونے لگیں۔۔۔

لائلپور کے بانی سر جیمز براڈوڈ لائل کی یادگار سے غائب معلوماتی تختیاں دوبارہ نہ لگ سکیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد برصغیر پاک و ہند کی تقسیم سے پہلے برٹش راج میں برٹش انڈیا کا پہلا شہر تھا جسے منصوبہ بندی کے تحت آباد کیا گیا ، تاریخ دانوں کے مطابق اس شہر کی بنیاد 1880 میں رکھی گئی اور برٹش راج کے لیفٹیننٹ گورنر سر جیمز براڈووڈلائل کے نام پر اس شہر کا نام لائلپور رکھا گیا، 1880 سے 1890 کے دوران حکومت نے غیر آباد رقبے کو کاشتکاری کے قابل بنانے کے لیے نہری نظام بنانا شروع کیا اور فیصل آباد کی جگہ پر چناب ریور کالونی بنائی گئی اس وقت کالونائزیشن آفیسر پوہم ینگ نے اس جگہ پر ہیڈ کوارٹرز بنانے کی تجویز دی، سر جیمز براڈووڈ لائل کی یاد کے طور پر باغ جناح میں سفید سنگ مرمر سے ایک یادگار تعمیر کی گئی تھی یہ یادگار قدیم تعمیر کا بہترین شاہکار ہے ،سفید سنگ مرمرسے بنی اس یادگار پر تختیاں لگائی گئی تھیں جن پر سر جیمز براڈووڈ لائل سے متعلق تاریخی معلومات درج تھیں جو مبینہ طور پر چوری ہوگئیں، اس کے بعد اس یادگار پر سابق ڈپٹی کمشنر و چیئرمین لائلپور ہیریٹیج فاؤنڈیشن طارق نیازی کی جانب سے پتھر سے بنی تختی لگوائی گئی اور یادگار کی مرمت کا کام بھی کروایا گیا لیکن کچھ عرصہ بعد ہی وہ تختی بھی غائب ہوگئی، اب سر جیمز براڈوڈ لائل کی یادگار کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے ،نشاندہی کے باوجود تاریخ سے منہ موڑنے والے افسران اس معاملے پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ۔معاملے سے متعلق ڈپٹی کمشنر عبداللہ نئیر شیخ اور ڈی جی پی ایچ اے عبدالقادر شاہ نے کوئی موقف نہ دیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں